چیف سیکرٹری کی انسداد ڈینگی مہم تیز کرنے کی ہدایت
لاہور ( سپیشل رپورٹر) چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل نے ہدایت کی کہ ڈینگی کے خاتمے کی مہم کو مزید تیز کیا جائے ۔سول سیکرٹریٹ میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 19ستمبر بروز ہفتہ راولپنڈی میں یوم انسداد ڈینگی منایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکمے انسداد ڈینگی کے حوالے سے جاری کی جانے والی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ اجلاس میں مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق، ایڈیشنل چیف سیکرٹری سید مبشر رضا ، مختلف محکموںکے سیکرٹریز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔بعدازاں چیف سیکرٹری نے کسان پیکیج کے حوالے سے کمشنرز کے ویڈیولنک اجلاس کی صدارت کی۔انہوں نے کمشنرز کو ہدایت کی کہ چاول اورکپاس کی فصل کے سروے کا کام جلد مکمل کیا جائے۔