زرداری کیخلاف کرپشن ریفرنس ’’اہم لاپتہ‘‘ گواہ بیان کیلئے دستیاب ہے: نیب
اسلام آباد (این این آئی) نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ سابق صدر زرداری کیخلاف کرپشن کے 2 ریفرنسز کا ایک اہم لاپتہ گواہ اب بیان دینے کیلئے دستیاب ہے۔ اے آر وائی گولڈ اور ارسس ٹریکٹر ریفرنس میں زرداری کی بریت کیخلاف پٹیشن میں ایڈیشنل ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے عدالت کو بتایا کہ پی پی پی کی گذشتہ حکومت کے دوران احتساب سیل کے سابق جوائنٹ سیکرٹری حسن وسیم افضل سے رابطہ نہیں ہوپایا تھا، حسن وسیم افضل کو عدالتی کارروائیوں کے دوران متعدد مرتبہ طلب کیا گیا، تاہم نہ تو انہوں نے جواب دیا اور نہ ہی کورٹ میں پیش ہوئے جبکہ اْس وقت ان کے ٹھکانے کے بارے میں بھی کسی کو علم نہیں تھا۔ گواہ کی عدم دستیابی کی بنا پر استغاثہ کو انہیں گواہوں کی فہرست سے خارج کرنا پڑا تھا جس پر ڈویژن بینچ نے ریمارکس دیئے کہ استغاثہ کی جانب سے گواہ کی حاضری کے لیے وارنٹ گرفتاری جاری ہوسکتے ہیں۔ عدالت نے نیب کو اے آر وائی اور اْرسس کرپشن ریفرنسز کی عدالتی کارروائی کا ریکارڈ دو ہفتوں کے اندر پیش کرنے کا حکم دیا۔