• news

ملتان: دھماکے میں ’’را‘‘ کے ملوث ہونے کا انکشاف، سرچ آپریشن تیز

ملتان (این این آئی+ اے این این) ملتان میں حساس اداروں نے وہاڑی چوک دھماکہ میں بھارتی ایجنسی را کے ملوث ہونے کا انکشاف ہونے پر سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا ہے جبکہ جائے وقوعہ سے مسلح مشکوک شخص کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چار روز پہلے ملتان کے وہاڑی چوک دھماکے میں ہونے والے شواہد کو پولیس، سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے فرانزک رپورٹ کیلئے لاہور بھجوایا۔ رپورٹ میں دہشتگردی کی واردات میں را کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے ٗ کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ڈسٹرکٹ آفیسر اقبال خان کا مؤقف ہے کہ اس طرح کے دھماکے پہلے بھی ہوتے رہے ہیں۔ ملتان دھماکے میں بھی ویسا ہی مواد استعمال کیا گیا جس کی وجہ سے مزید سراغ لگانے کے لئے دھماکے کی جگہ کو تاحال کلیئر نہیں کیا گیا۔ حساس اداروں نے دھماکے کی جگہ سے مسلح مشکوک شخص کو گرفتار کر کے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ۔ دھماکے سے 11 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن