• news

ایرانی سکیورٹی فورسز نے پاکستانی حدود میں راکٹ فائر کر دئیے

کوئٹہ (آن لائن) ایرانی سکیورٹی فورسز نے پاکستانی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں راکٹ فائر کئے، پاکستانی سکیورٹی فورسز واقعہ کے بعد ہائی الرٹ ہو گئی اور ماشکیل میں فائر کئے گئے راکٹوں کے ٹکڑے اور شواہد اکٹھے کر لئے۔ جمعرات کو ایک مرتبہ پھر ایران کی طرف سے پاکستان کی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی اور ایرانی نیشنل گارڈز نے ماشکیل پر متعدد راکٹ فائر کئے جو ماشکیل بازار میں گرے۔ حملوں کے بعد پاک ایران بارڈ پر سکیورٹی سخت کر دی۔ حملوں میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ ایرانی فورسز کی جانب سے فائر کئے گئے راکٹ لوگوں کے گھر اور دکانوں کے قریب گرے ہیں۔ واقعہ کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ای پیپر-دی نیشن