نکاح کیس: میرا کو ضمانتی مچلکے جمع کرانے تک عدالت میں رہنے کی سزا، کیپٹن نوید کے وارنٹ گرفتاری
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) نکاح پر نکاح کے کیس میں اداکارہ میرا کو ضمانتی مچلکے جمع کرانے تک عدالت میں موجود رہنے کی سزا سنانے کے بعد 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی گئی۔ اداکارہ میرا کے نکاح پر نکاح کرنے کے کیس کی سماعت لاہور کی مقامی عدالت میں ہوئی۔ اس موقع پر اداکارہ میرا پیش نہ ہوئی جس پر ان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ راستے میں ہیں اور عدالت میں پیش ہو جائیں گی۔ عدالت نے اداکارہ میرا کو 11بجے تک عدالت میں پیش ہونے کی مہلت دی۔ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ وقت پر پیش نہ ہوئیں تو بذریعہ پولیس عدالت لایا جائے گا۔ اداکارہ میرا کیخلاف ان کے شوہر ہونے کے دعویدار عتیق الرحمان نے درخواست دائر کر رکھی ہے۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ میرا نے میرے ساتھ نکاح کے بعد ایک اور نکاح کیا جو کہ غیر قانونی ہے لہذا ان کیخلاف کارروائی کی جائے۔ جب اداکارہ میرا عدالت میں پیش ہوئیں تو عدالت نے میرا کو ضمانت کیلئے 50 ہزار کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا جبکہ مچلکے جمع ہونے تک میرا کو سزا سنا دی۔ فاضل جج واجد منہاس نے 50 ہزار روپے کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری معطل کر دئیے۔ میرا کیخلاف عتیق نامی شہری نے کیس دائر کر رکھا ہے کہ اداکارہ میرا نے 2007 میں اسکے ساتھ نکاح کیا اور بعد میں اس نے کیپٹن نوید نامی امریکی شہری سے نکاح کر لیا۔ اداکارہ میرا سفید لباس زیب تن کئے اور سفید ہیٹ پہنے اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔ فاضل عدالت نے نکاح پر نکاح کرنے کے الزام میں کیپٹن نوید کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دئیے اور حکم دیا کہ اسے گرفتار کر کے یکم اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔عدالت میں پیشی کے بعد اداکارہ میرا نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انکو خواہ مخواہ مقدمہ بازی میں پھنسایا جا رہا ہے۔عید پر قربانی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ عید پر سفید بکرے کی قربانی کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا، کچھ غلط نہیں کیا۔ کیس کی آئندہ سماعت یکم اکتوبر تک ہو گی۔ صباح نیوز کے مطابق اداکارہ میرا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عتیق الرحمن جھوٹا اور کیپٹن نوید مکار ہے ان سے کوئی نکاح نہیں کیا ابھی کنواری ہوں این این آئی کے مطابق اداکارہ نے کہا کہ میری شادی کس سے ہونی ہے اس کا فیصلہ امی کرینگے جبکہ بکرا خریدنے کا حتمی فیصلہ ابو کرینگے۔ اداکارہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک نکاح کیا ہے اور نہ دوسرا تو پھر نکاح پر نکاح کا مقدمہ کیسے بنتا ہے؟