• news

یوتھ لون سکیم: شرح سود8 سے کم کر کے 6 فیصد کر دی گئی، قرضوں کے اجرا میں تاخیر پر وزیراعظم کی برہمی

اسلام آباد (صباح نیوز + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد نوازشریف نے ’’پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون‘‘ پر شرح سود کو 8 فیصد سے کم کرکے 6 فیصد کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے قرضوں کے حوالے سے کیسز پر عملدرآمد اور اجراء میں سست روی کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے پر انتہائی ناپسندیدیگی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں نیشنل بینک میں زیرعمل درخواستوں پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے سست روی پر نیشنل بینک اور پروگرام کی انتظامیہ کی کارکردگی کے حوالے سے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے نیشنل بینک کے صدر کو تمام ضروری قواعد پورے کرنے والوں کی درخواستوں کی 8 ہفتوں میں قرعہ اندازی کا مرحلہ مکمل کرکے انہیں خطوط جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ جو درخواستیں این ایف سی ایوارڈ کوٹہ کے تحت وصول ہوئی ہیں‘ ان کی قرعہ اندازی کی ضرورت نہیں۔ کامیاب درخواست گزاروں کو فوری فنڈ جاری کئے جائیں۔ وزیراعظم کے اعلان کے مطابق قرضہ سکیم پر شرح سود میں کمی کا اطلاق یکم جولائی 2015ء سے ہوگا اور پہلے سے حاصل کئے گئے قرضوں پر بھی وزیراعظم کا یہ فیصلہ لاگو ہوگا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی چیئرپرسن مریم نوازشریف‘ لیلیٰ خان اور گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان شریک ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن