• news

کشمیر میں تحریک آزادی مضبوط ہو رہی ہے، بھارت بوکھلا گیا: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنے سینوں پر گولیاں کھا کر پاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں، بھارت سرکار تحریک آزادی کشمیر مضبوط ہوتے دیکھ کر سخت پریشانی سے دوچار ہے، بھارت پاکستان سے مذاکرات اور دوستی میں مخلص نہیں‘ جماعۃ الدعوۃ بلوچستان اور سندھ میں سینکڑوں واٹر پروجیکٹ کی تعمیر مکمل کر چکی، ریلیف سرگرمیوں سے علیحدگی کی تحریکیں دم توڑ رہی ہیں اور بلوچستان میں پاکستان زندہ باد ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز القادسیہ چوبرجی سے مسلم میڈیکل مشن کے زیر اہتمام ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کی 15رکنی ٹیم کی کالام، سوات و دیگر علاقوں میں میڈیکل کیمپنگ کیلئے روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعۃ الدعوۃ شعبہ ڈاکٹرز کے نگران ڈاکٹر ناصر ہمدانی و دیگر بھی موجود تھے۔ مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم لاکھوں روپے مالیت کی ادویات کے ہمراہ روانہ ہوئی ہے جو مریضوں کے طبی معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں ادویات بھی تقسیم کرے گی۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ مسئلہ کشمیراس وقت بہت زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ کشمیر کے مظلوم مسلمان پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور گلی محلوں میں پاکستانی پرچم لہرا کر وطن عزیز پاکستان سے والہانہ محبت و عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے یہ حالات نہیں تھے۔ انڈیا کشمیری مسلمانوں کا یہ جذبہ دیکھ کر شدید بوکھلاہٹ اور پریشانی کا شکار ہے۔

ای پیپر-دی نیشن