ایاز صادق‘ علیم خان کے کاغذات نامزدگی کے خلاف درخواستوں پر ہائیکورٹ نے دونوں سے آج جواب مانگ لیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے این اے 122 سے مسلم لیگ (ن) کے ایاز صادق اور تحریک انصاف کے عبدالعلیم خان کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف دائر تین درخواستوں پر نوٹسز جاری کرتے ہوئے دونوں امیدواروں سے آج گیارہ بجے تک جواب طلب کر لیا ہے۔ جسٹس محمود مقبول باجوہ اور جسٹس مسعود عابد نقوی پر مشتمل دو رکنی اپیلیٹ الیکشن ٹربیونل نے عوامی تحریک کی طرف سے این اے 122 سے امیدوار اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ کی دو اور حافظ طلحہ ایڈووکیٹ کی ایک درخواست پر سماعت کی جن میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن ٹربیونل نے ایاز صادق کو تئیس لاکھ ستاسی ہزار سات سو اٹھاون روپے جرمانہ عائد کیا مگر انہوں نے جرمانہ ادا نہیں کیا نہ ہی اس کے خلاف سپریم کورٹ سے حکم امتناعی حاصل کیا ہے۔ درخواستوں میں تحریک انصاف کے عبدالعلیم کی حد تک مؤقف اختیار کیا گیاکہ تحریک انصاف کے امیدوار آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے لہٰذا دونوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جائیں۔