• news

وزارتوں‘ محکموں نے موسمی تبدیلی پالیسی پر عمل کیلئے کچھ نہیں کیا: ہائیکورٹ

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے کلائمیٹ چینج پالیسی پر عملدرآمد نہ کرنے کے خلاف درخواست کا عبوری تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے موسمی تبدیلی کمشن قائم کرتے ہوئے ڈاکٹر پرویز حسن کو سربراہ تعینات کر دیا۔ جسٹس سید منصور علی شاہ نے کلائمیٹ چینج پالیسی کا 14 صفحات پر مشتمل تحریری عبوری فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ حکومتی وزارتوں اور محکموں نے موسمی تبدیلی پالیسی پر عملدرآمد نہیں کیا۔ تمام محکموں نے کارروائی کاغذات تک محدود رکھی۔ پنجاب کے عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے عدالت نے موسمی تبدیلی کا کمشن قائم کر دیا۔ اکیس ممبران تعینات کئے گئے ہیں۔ کابینہ ڈویژن نے عدالتی حکم کے باوجود کلائمیٹ چینج کا کوئی فوکل پرسن مقرر نہیں کیا لہٰذا آئندہ سماعت پر ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ ڈویژن ذاتی طورپر عدالت میں پیش ہوکر وضاحت کریں اور فوکل پرسن کا نام تجویز کریں۔ آئی جی موسمی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے محکمہ جنگلات کے افسروں کی تربیت کا بندوبست کریں جبکہ موسمی تبدیلی کا کمشن یکم اکتوبر کو اپنے پہلے اجلاس کے انعقاد کو یقینی بنائے۔ تحریری فیصلہ عدالت عالیہ کی ویب سائٹ پر گرین بنچ آرڈر کے نام سے جاری بھی کردیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن