قاسم ضیا کی درخواست ضمانت، فیصلہ عید سے پہلے ہوگا، ہائیکورٹ: پلی بارگین کی تفصیلات طلب
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے آٹھ کروڑ کے علی سکیورٹی ایکسچینج سکینڈل میں ملوث پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق صدر قاسم ضیاء کی درخواست ضمانت پر نیب کو 23ستمبر کو بحث کا آخری موقع دیدیا، عدالت نے کہا کہ عید سے قبل ملزم کی درخواست ضمانت پر فیصلہ کر دیا جائیگا۔ ملزم کے وکلاء نے کہا کہ نیب سات برس گزرنے کے باوجود علی سکیورٹی ایکسچینج سکینڈل میں انکوائری مکمل نہیں کر سکا مگر اس کے باوجود قاسم ضیا جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں جو آئین کے تحت فیئر ٹرائل کی خلاف ورزی ہے، لہذا قاسم ضیا کی رہائی کا حکم دیا جائے، ایڈیشنل ڈپٹی پراسکیوٹر نیب نے بنچ کو بتایا کہ ملزم کی رضا مندی سے رقم واپسی کی درخواست پر دوہفتوں میں فیصلہ ہو جائیگا، درخواست کے فیصلے تک ضمانت کی درخواست پر سماعت ملتوی کی جائے۔ بنچ نے قاسم ضیا کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھجوانے کیخلاف دائر نیب کی درخواست پر بھی سماعت کی، عدالت نے قاسم ضیاء کی پلی بارگین کی درخواست پر کارروائی اور دیگر تفصیلات طلب کر لیں۔