• news

کوئی ایک طاقت دنیا پر اپنا ایجنڈا مسلط نہیں کرسکتی‘ فرانسیسی محقق

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) فرانس کے ممتاز محقق اور ڈائریکٹر فرنچ انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اینڈ سٹرٹیجک آفیئرز پاسکل بونی فاس نے کہا ہے کہ اب دنیا ایک ملٹی پولر بن چکی ہے جس میں امریکہ‘ روس‘ یورپی یونین‘ چین اور جاپان نئے طاقت کے مراکز ہیں۔ گزشتہ روز یہاں پاکستانی میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے فرانسیسی دانشور نے کہا کہ نائن الیون نے دنیا کو اتنا تبدیل نہیں کیا۔موجودہ ملٹی پولر دنیا میں کوئی ایک طاقت اپنا ایجنڈا مسلط نہیں کرسکتی۔موجودہ دور میں نان سٹیٹ عناصر ایک چیلنج بن گئے ہیں۔ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کے مستقل ارکان کی تعداد میں اضافہ ہونا چاہئے تو پاسکل بونی فاس نے کہا کہ فرانس کا نکتہ نظر یہ ہے کہ سیکورٹی کونسل کے مستقل ارکان کی تعداد میںاضافہ ہونا چاہئے۔فرانسیسی محقق سے پوچھا گیا کہ کیا بھارت کو سیکیورٹی کونسل کا رکن بننا چاہئے جس نے کشمیریوں کو ان کے حقوق سے محروم رکھا ہے اور مظالم ڈھا رہا ہے تو تو پاسکل بونی فاس نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کو انسانی حقوق کے بارے میں کوئی تشویش نہیں۔ شام کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ شام کا مسئلہ روس‘ ایران‘ امریکہ اور دوسرے ممالک کے میز پر بیٹھنے سے حل ہوسکتا ہے۔انہوں نے مستقبل کے منظر نامہ کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ مستقبل میں کئی ممالک اہم طاقت بن کر ابھر سکتے ہیں ان میں پاکستان‘ برازیل‘ بھارت‘ انگولا شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن