• news

مہمند ایجنسی: لیفٹیننٹ کرنل کی گاڑی کے قریب بارودی سرنگ کا دھماکہ‘ جوان محفوظ رہے

مہمند ایجنسی + پشاور + سبی (نیوز ایجنسیاں + بیورو رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ) لوئر مہمندکڑپہ چوپان پوسٹ کے قریب پشاور ٹو باجوڑ شاہراہ پر لیفٹیننٹ کرنل کی گاڑی کے قریب بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا‘ تاہم سکیورٹی فورسز کے جوان محفوظ رہے اور جانی نقصان نہیں ہوا۔ فورسز نے فوری طورپر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن کے دوران 7 افراد گرفتار کر لئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صبح 9 بجے کے قریب جب ٹووینگ کے لیفٹیننٹ کرنل محمد عمیر کی گاڑی لوئر مہمند کے قریبی علاقہ چوپان پوسٹ کے قریب سے گزر رہی تھی تو اس دوران بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا۔ تاہم گاڑی میں سوار جوان محفوظ رہے۔ حکومت نے علاقہ عمائدین پر واضح کیا کہ وہ تین دن کے اندر ملزم کو حوالے کریں۔ علاوہ ازیں پشاور کے مضافاتی علاقہ سربند تالہ گڑھ میں نامعلوم افراد نے اینٹوں سے بھرے ٹریکٹر پر دیسی ساختہ بم سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور زخمی جبکہ ٹریکٹر میں موجود دیگر مزدور بال بال بچ گئے۔ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ زخمی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ادھر متنی بازار میں سلنڈر شاپ میں سلنڈر پھٹنے کے باعث دکان میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجہ میں دکان میں پڑا لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد آگ بجھانے والے عملہ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا‘ تاہم واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر پولیس اور سکیورٹی فورسز نے سنٹرل جیل پشاور میں سرچ آپریشن جاری کیا۔ ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق ہائی پروفائل قیدیوں‘ دہشت گردوں کی بیرکس میں تلاشی کے دوران اہم معلومات ملیں۔ ادھر سبی میں کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کے فراری کمانڈر جمعہ خان اپنے 7 ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہو گئے جبکہ فراری کمانڈروں نے حلف لیا آئندہ ملک کی خدمت میں اپنا کلیدی کردار اد کرنے اور کسی بھی دہشت گردی کی کارروائی کا حصہ نہ بننے کا وعدہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن