• news

فوجی قیادت بدلی تو سب کیا دھرا ختم ہو جائے گا‘ جنرل راحیل کو توسیع ملنی چاہئے: مشرف

کراچی (آئی این پی) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ و سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوجی قیادت بدلی تو سب دھرے کا دھرا رہ جائے گا، آرمی چیف کی شہرت و مقبولیت پر خوشی ہے، 1999ء میں اس وقت کی حکومت کی حرکات کی وجہ سے ٹیک اوور کیا، نواز شریف کیلئے بہتر ہے کہ وہ گورننس کو بہتر کریں اور عزیز و اقارب کو قریب نہ آنے دیں، اٹھارہویں آئینی ترمیم ملک سے دشمنی ہے، مارشل لاء نے ملک کو بہت کچھ دیا۔ کراچی آپریشن ٹھیک ہورہا ہے، سندھ میں کرپشن ہو رہی ہے لیکن باقی صوبے بھی فرشتے نہیں، مودی سرکار پاکستان سے پنگا نہ لے ورنہ اسے مہنگا پڑے گا، علاج کیلئے بیرون ملک جانا چاہتا ہوں۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے پرویز مشرف نے کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل اچھا کام کر رہے ہیں۔ خواہش ہے کہ جنرل راحیل شریف نہ جائیں اور ملازمت پر ہی رہیں، ان کی مدت ملازمت میں توسیع ہونی چاہیے۔ مشرف نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد نیب کے جتنے بھی ادارے ہیں خدشہ ہے کہ انہیں ختم کر دیا جائے گا اور اگر سسٹم ٹھیک نہ ہوا تو یہی لوگ دھاندلی کرتے رہیں گے اور ایک مرتبہ پھر سب کچھ صفر ہو جائے گا۔ کراچی میں 60 فیصد دہشت گردی ہو رہی ہے۔ ایک سوال پر سابق صدر نے کہا کہ بھارت کی مودی سرکار پاکستان سے پنگا نہ لے ورنہ یہ اس کیلئے بہتر نہیں ہوگا اور اسے مہنگا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈپلومیسی میں یہ بات ہرگز ہیں کہ اگر کوئی آپ کو گالی دے تو آپ خاموش رہیں بلکہ ڈپلومیسی اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کا نام ہے۔ اگر بھارت کے فوجی پاکستان میں داخل ہوئے تو واپس نہیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے چین کے ساتھ تعلقات اچھے ہیں جو لوگوں کو اچھے نہیں لگ رہے۔

ای پیپر-دی نیشن