• news

خیبر پی کے: تحریک انصاف میں دھڑا بندی، 13 ایم پی ایز کی تفصیلات عمران کو ارسال، 52 کونسلرز کی پارٹی رکنیت ختم

پشاور (آن لائن+ آئی این پی) تحریک انصاف میں دھڑا بندی کرنے والے 13 ایم پی ایز کی تفصیلات عمران خان کو ارسال کر دی گئیں اور انکے خلاف کارروائی کا بھی فیصلہ کر لیا گیا۔ پارٹی سربراہ نے بعض ایم پی ایز‘ صوبائی وزراء کو اسلام آباد طلب کر لیا۔ آئندہ کیلئے مشاورت کی جائے گی۔ تحریک انصاف کے ذرائع نے بتایا ہے 13 ایم پی ایز سے مشیروں‘ معاونین خصوصی اور پارلیمانی سیکرٹریز کا عہدہ بھی واپس لے لیا جائے گا۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر 52 کونسلرز کو فارغ کر دیا اور ان کے خلاف الیکشن کمشن کو ریفرنس بھیج دیا۔ صوبائی آرگنائزر فضل خان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے کہا فارغ کئے جانے والے 52 کونسلرز کا تعلق 6 اضلاع سے ہے۔ ان کی پارٹی رکنیت بھی ختم کر دی گئی ہے۔ فارغ کئے جانے والوں میں ضلع ناظم ایبٹ آباد سردار شیر بہادر خان بھی شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن