• news

عمران ضمنی انتخابات سے فرار چاہتے ہیں‘ پہلے ہی شکست کا اعتراف کر لیا: مسلم لیگ (ن)

اسلام آباد (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی طلال چودھری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف جہاں کوئی لاش دیکھتی ہے اس پر اپنا پرچم رکھ کر نعشوں کی سیاست شروع کر دیتی ہے، عمران خان ضمنی انتخابات سے فرار چاہتے ہیں، جس کیلئے مسلسل بہتان بازی اور الزام تراشیاں کر رہے ہیں، عمران خان ضمنی انتخاب سے قبل ہی این اے 122 میں شکست کا اعتراف کر رہے ہیں۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور میں جاں بحق ہونے والا کارکن غفار کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے تھا، تحریک انصاف کا نہیں، جاں بحق ہونے والے کارکن کے اہلخانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، تحریک انصاف جہاں کوئی نعش دیکھتی ہے اس پر اپنا پرچم رکھ دیتی ہے، خان صاحب کب تک جھوٹ بول کر نعشوں پر سیاست کرتے رہیں گے۔ عمران خان الیکشن سے فرار چاہتے ہیں جس کیلئے مسلسل بہانے بازیاں اور الزام تراشیاں کر رہے ہیں، عمران خان این اے 122میں ہارنے کا پہلے ہی اعتراف کر چکے ہیں، جس آدمی کو عمران خان نے ٹکٹ دیا ہے وہ ان کے منشور کے برعکس ہے، عمران خان کو لاہور کیلئے صرف وہ آدمی ملا جس نے یتیموں اور بیوائوں کا پیسہ لوٹا، عمران خان کے ساتھ وہ لوگ ہیں جنہوں نے پچھلے دو سال میں سب سے زیادہ ڈاکے ڈالے۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان ضمنی انتخاب میں ابھی سے ہارنے کی وجوہات پیش کر رہا ہے کہ مجھے مہم چلانے نہیں دی جا رہی، عمران خان نے عام انتخابات میں مہم چلا کر لاہور میں کون سا تیر مارا تھا، عمران خان نے عام انتخابات میں سب سے بڑی مہم لاہور میں کی تھی ۔ سب سے بڑی شکست بھی لاہور میں ہوئی، خان صاحب کسانوں کو ریلیف دینے پر سخت پریشان ہیں ، عمران کو مسلم لیگ ن کے کرپشن نہ کرنے پر تکلیف ہے،کرپشن کا ڈھنڈورا پیٹنے والے خان صاحب کے دائیں بائیں کرپٹ ترین علیم خان اور جہانگیر ترین ہیں۔عمران خان کے بیان پر رد عمل کا اظہا رکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان خیبر پی کے میں بری کارکردگی کو فاٹا کے لوگوں پر بھی نافذ کرنا چاہتے ہیں، آج عمران خان کے شر سے غریب کسان بھی نہیں بچ سکے۔ دانیال عزیزنے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ سب کو خیبر پی کے سے سیکھنا چاہیے لیکن وہ یہ بھول گئے ہیں کہ کرپشن سب سے زیادہ خیبر پی کے کے وزیروں پر ثابت ہوئی، خان صاحب کا خود کا یہ بیان ہے کہ ک پی کے کے 11 وزراء کرپشن میں ملوث ہیں۔ اگر نیب خیبر پی کے میں آزاد ہوتا تو ان 11 وزیروں کیخلاف کارروائی کرتا ،عمران خان جن کو فارغ کرتے ہیں ان کو واپس بھی لے لیتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن