• news

اقتصادی راہداری میں بجلی اور انفراسٹرکچر منصوبوں کو ترجیح دی جائیگی: احسن اقبال

کراچی (آئی این پی+ صباح نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے سے بلوچستان کی تقدیر بدل جائے گی، اقتصادی راہداری میں سب سے پہلے بجلی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی، کراچی آپریشن سے شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی، حکومت ملک سے دہشت گردی، لوڈشیڈنگ اور معاشی عدم و استحکام جیسے بحرانوں کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔ وہ گذشتہ روز کراچی میں ایف پی سی سی آئی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ احسن اقبال نے کہا کہ 2013ء میں ہم نے حکومت سنبھالی تو پاکستان کی معاشی صورتحال انتہائی ابتر تھی، حکومت نے محنت اور لگن سے کام کیا جس کی وجہ سے پاکستان آج معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، کراچی میں خراب حالات کے باعث آپریشن کا فیصلہ کیا گیا، کراچی آپریشن سے شہر میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی، پاکستان میں سرمایہ کاری اب واپس آ رہی ہے۔ ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارا دینے کیلئے حکومت نے آپریشن ضرب عضب شروع کیا، جس کے نتائج سامنے آ رہے ہیں، ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں بے حد کمی آئی ہے، بلوچستان میں 2013ء کے مقابلے میں 2015ء کی صورتحال بہت بہتر ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت توانائی کے کئی منصوبے شروع کئے گئے ہیں، منصوبے کے مغربی روٹ کے باقی ماندہ حصے کا کام آئندہ سال کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ گوادر ائرپورٹ پرکام بہت جلد شروع ہو رہا ہے جو 2017 ء میں مکمل ہوگا۔ 2018ء تک سسٹم میں تقریباً دس ہزار میگاواٹ بجلی شامل کر لی جائے گی۔
احسن اقبال

ای پیپر-دی نیشن