50 ہزار ٹن دال چنا درآمد‘ بزنس ٹرین بند کرنے کی منظوری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی کابنیہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے دال چنا کی قلت اور قیمت بڑھنے کے پیش نظر 50 ہزار ٹن دال چنا درآمد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ٹریڈ کارپوریشن 50 ہزار ٹن دال چنا درآمد کرے گی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحقٰ ڈار کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں سولر پینل کی درآمد کے لئے معیار مقرر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ کراچی میں قائم مشین ٹول فیکٹری اور پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کو دو ماہ جون، جولائی کی تنخواہیں ادا کرنے کی بھی منظوری دی۔ معیاری سولر پینل درآمد کرنے کیلئے دو ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔ پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کو عیدالاضحیٰ سے قبل دو ماہ کی تنخواہیں ادا کرنے کے لئے 96 کروڑ روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ای سی سی نے بزنس ٹرین بند کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ اس ٹرین کی نجی انتظامیہ ریلویز کو بروقت ادائیگیاں نہیں کر رہی تھی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ای سی سی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں پی وی سولر ایکوپمنٹ کی درآمد کے وقت معیار کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے کمیٹی نے بزنس ایکسپریس ٹرین بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بزنس ایکسپریس ٹرین کی نجی انتظامیہ ریلویز کو بروقت ادائیگیاں نہیں کر رہی تھی بزنس ایکسپریس ٹرین پی پی پی دور میں لاہور سے کراچی کیلئے شروع کی گئی۔ بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی نے پاکستان کی ریٹنگ درجہ ’’بی‘‘ تک بہتر کر دی ریٹنگ میں بہتری اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے ہوئی۔ پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 18.56 ارب ڈالر ہو گئے۔ ای سی سی نے ہدایت کی کہ وزارت صنعت اور پاکستان سٹیل ملز ملکر مالی حالات بہتر بنانے کے اقدامات کریں۔ حکومت زیادہ دیر تک پاکستان سٹیل ملز کا مالی بوجھ نہیں اٹھا سکتی۔ اجلاس میں فیصل آباد الیکٹرک کمپنی اور مظفر گڑھ پاور پلانٹ کی نجکاری پر غور ہوا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ دونوں اداروں کی نجکاری سے حکومت کو زیادہ فائدہ ہونا چاہئے دونوں اداروں کی نجکاری کیلئے تمام سرگرمیوں سے آگاہ رکھا جائے نجکاری کے عمل میں شفافیت اور احتساب کے اصولوں کو مدنظر رکھا جائے۔