سانحہ پشاور : ملک بھر میں ہائی الرٹ‘ سرچ آپریشن‘ کئی مشتبہ افراد گرفتار
لاہور+ پشاور+ اسلام آباد (نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت نیوز) پشاور میں فضائیہ کے ائر کیمپ حملے کے بعد لاہور، اسلام آباد سمیت ملک بھر کی سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی، چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں حساس عمارتوں سمیت صدر، وزیر اعظم ہاﺅسز، سپریم کورٹ، غیر ملکی سفارت خانوں اور دیگر مقامات کی سکیورٹی سخت کر دی گئی اور سکیورٹی اداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پشاور، اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران افغان بانشدوں سمیت متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ لاہور میں بھی سرچ آپریشن کے دوران 4 افغانیوں سمیت 27 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں دہشت گردوں کے ائیر بیس پر حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ واقعہ کے بعد وفاقی دارالحکومت سمیت چاروں صوبوں میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ایس ایس پی اسلام آباد ساجد کیانی نے بتایا کہ پشاور واقعہ کے بعد وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے، صدر، وزیر اعظم ہاﺅس، سپریم کورٹ، پارلیمنٹ لاجز، غیر ملکی سفارتخانوں کی سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے اور مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 14 افغانیوں سمیت 64 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ پشاور میں بھی سکیورٹی ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے، پشاور کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن میں افغان باشندوں سمیت متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا، ادھرکراچی اور لاہور میں بھی سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے حساس مقامات کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ اسلام آباد میں سرچ آپریشن کے دوران خفیہ کیمرے، لیپ ٹاپ اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں چکلالہ ائر بیس، قاسم بیس، بینظیر بھٹو انٹر نیشنل ائر پورٹ اور دیگر حساس تنصیبات کے اردگرد رہائشی علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پشاور میں بھاری مقدار میں اسلحہ بھی پکڑا گیا۔ ادھر لاہور سمےت صوبہ بھر مےں سکیورٹی انتظامات خصوصاً قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر و افسران اور بڑے ہوٹلوں کی سکیورٹی میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے اور سکیورٹی کو ریڈ الرٹ کر دیا گیا اور وی وی آئی پیز موومنٹ، شخصیات اور اہم سرکاری و غیر سرکاری عمارات خصوصاً قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی عمارتوں اور بڑے ہوٹلوں کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کر دئےے گئے ہےں۔ لاہور میں نصب شدہ سکیورٹی کیمروں اور کنٹرول رومز کا بھی معائنہ کیا جارہا ہے کہ تمام کیمرے اور کنٹرول رومز درست حالت میں کام کریں۔ شہرکے اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے اور پولیس کی گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے مختلف شاہراہوں پر ناکے لگا کر ہر آنے جانے والی گاڑیوں کی تلاشی لینے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا۔ علاوہ ازیں لاہور میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر کے مختلف علاقوں مےں سر چ آ پر یشن کے دوران 4 افغانےوں سمےت27 مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار افراد کے پاس شناختی کارڈ ےا شناختی دستاوےزات موجود نہ تھیں۔ گرفتار 4 افغانیوں کے خلاف مقد مہ درج کر لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز لاہور سمےت صوبہ بھرمےں نماز جمعہ کے اجتماعات کی سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے تھے جبکہ پولےس نے بڑے شہروں مےں چےکنگ کے لئے خصوصی ناکے بھی لگائے تھے۔ حساس اداروں نے پولےس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع دی تھی کہ دہشت گرد کوئی بڑی کارروائی کر سکتے ہےں پر صوبائی دارالحکومت لاہور اور دےگر بڑے شہروں مےں گزشتہ روز سکیورٹی ہائی الرٹ کی تھی۔ مساجد، امام بارگاہوں، نماز جمعہ کے اجتماعات اور مزاروں سمیت اہم مقامات پر پولےس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ لاہور پولےس نے شہر بھر مےں چےکنگ کیلئے 298 مقامات پر لوہے کے بےرئےر اور رکاوٹےں کھڑی کر کے ناکے لگائے تھے۔ جہاں تعےنات اہلکار مشکوک گاڑےوں کو چےک کرتے رہے جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی گاڑےوں کی چےکنگ کی جا رہی تھی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ٹھوکر نیاز بیگ میں پولیس اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران 18 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
سکیورٹی/ ہائی الرٹ