• news

سپریم کورٹ کا کیو ڈی اے کے 113 برطرف ملازمین کی بحالی کا حکم

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کیو ڈی اے) بلوچستان کے 2013ء سے برطرف 113 ملازمین کی بحالی کا حکم دیتے ہوئے مقدمہ نمٹا دیا ہے۔ جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں جسٹس دوست محمد خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تو کیو ڈی اے کی جانب سے حافظ ایس اے رحمن پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ متاثرہ ملازمین کو فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث نوکریوں سے فارغ کیا گیا، ملازمین کے وکیل راجہ عبدالرحمن نے دلائل دیتے کہا کہ فنڈز فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، فنڈز کی کمی کو بنیاد بنا کر صرف ایک مہینے کے بعد گریڈ ایک سے 16 تک کے 113 ملازمین کو برطرف کردیا گیا تھا۔جو کہ قواعد وضوابط کی پامالی ہے کیونکہ نہ تو انہیں شوکاز نوٹس جاری کیے گئے اور نہ ہی ان کی بھرتی کے طریقہ کار میں کوئی نقص تھا، انہوں نے کہا کہ یہ مقدمہ 2013ء سے جاری ہے اتنے عرصہ سے یہ ملازمین بے روزگا ر ہیں۔ انہوں نے عدالت سے متاثرہ ملازمین کو بحال کرنے کی استدعا کی تو فاضل عدالت نے ان کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے تمام متاثرہ ملازمین کو بحال کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کیس کونمٹا دیا۔

بحالی/ حکم

ای پیپر-دی نیشن