کراچی: پرتشدد واقعات، آستانے پر فائرنگ، 6 افراد جاں بحق
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی میں آستانے پر فائرنگ سے 3 افراد دم توڑ گئے جبکہ نارتھ ناظم آباد میں دکان پر فائرنگ سے عرفان حیدر ہلاک ہو گیا۔ لیاری کے علاقے بغدادی میں احمد شاہ بخاری روڈ پر جونا مسجد کے نزدیک نامعلوم افراد نے ایک شخص کو تشدد اور گلا کاٹ کر ہلاک کر دیا۔ مقتول 30 سالہ محمد رفیق ولد محمد رحیم کی نعش جمعہ کی صبح ملی جس کے بعد لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے سول ہسپتال پہنچایا گیا۔ قبل ازیں سولجر بازار کے علاقے گارڈن ویسٹ میں اوبیلا چوک کے قریب مسلح افراد نے ایک نوجوان کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا اور فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مقتول کی عمر تقریباً 25 سال تھی اور وہ شکل و صورت سے بلوچ معلوم ہوتاہے‘ تاہم فوری طورپر اس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے اور اس بارے میں تفتیش جاری ہے۔ اس کے علاوہ نارتھ کراچی میں دو منٹ چورنگی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص عمران افضال زخمی ہو گیا۔ گلشن اقبال کے بلاک 13 اے میں مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد ذاکرخالد قریشی اور فراز زخمی ہو گئے جبکہ سائٹ میں ایک شخص فضل قادر کو فائرنگ کرکے زخمی کر دیا گیا۔ دریں اثنا قائد آباد میں رینجرز نے کارروائی کرکے لیاری گینگ وار کے 9 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
کراچی/ فائرنگ