• news

ہائیکورٹ نے ایاز صادق، علیم خان کے کاغذات کے خلاف تمام درخواستیں مسترد کر دیں

لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے این اے`122لاہور سے ضمنی انتخابات کےلئے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار ایاز صادق اور تحریک انصاف کے عبدالعلیم خان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف دائر درخواستیں مسترد کر تے ہوئے ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ جسٹس محمود مقبول باجوہ کی سربراہی میں دو رکنی ٹربیونل نے کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکلاءنے موقف اختیارکیا کہ عبدالعلیم خان نے اپنے اثاثے ظاہر نہیں کئے۔ ان کی آمدن ان کے اخراجات سے مطابقت نہیں رکھتی۔ علیم خان آئین کے آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ پر پورا نہیں اترتے۔ ریٹرننگ افسر نے سردار ایاز صادق کے کاغذات کی نیب، ایف آئی اے، پولیس اور سٹیٹ بینک سے تصدیق نہیں کرائی جو کہ آئین اور عوامی نمائندگی ایکٹ سے متصادم ہے۔ ریٹرننگ افسر نے ان دونوں امیدواروں پر عائد اعتراضات پر درست فیصلہ نہیں دیا\ ایاز صادق کی وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جرمانہ کیا جانا سزا کے زمرے میں نہیں آتا۔ ریٹرننگ افسر نے میرٹ اور قانون کے مطابق کاغذات نامزدگی منظور کئے ہیں۔ علیم خان کے وکیل نے کہا ان کے موکل کے خلاف محض الزامات کے تحت مقدمات درج ہیں۔ ان کو کسی عدلت سے سزا نہیں ہوئی۔ ٹربیونل نے پی پی 147 سے ن لیگ کے محسن لطیف اور تحریک انصاف کے شعیب صدیقی کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف دائر درخواستیں بھی مسترد کر دیں۔
درخواستیں مسترد

ای پیپر-دی نیشن