یورپ سے امداد نہیں تجارت چاہتے ہیں‘ پشاور حملے کا معاملہ افغانستان سے اٹھائیں گے: سرتاج عزیز
اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بڈھ بیر ائیربیس پر حملے کا واقعہ نہا یت افسوسناک ہے، ہم اس معاملے کو افغانستان کے ساتھ اٹھائیں گے، افغانستان کے دورے میں بھی دہشت گردی کے معاملے پربات ہوئی تھی، دونوں ملکوںنے دہشت گردوں کیخلاف مشترکہ آپریشن پراتفاق کیا تھا، افغانستان کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دینی چاہیے۔ دونوں ممالک نے طے کیا تھا کہ وہ اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے ہم آج بھی اس پر کاربند ہیں۔ دہشت گردوں نے حملہ کرکے پاک فوج کے عزم کو مزید مضبوط کردیا ہے ۔یہ کہنا مشکل ہے کہ افغانستان کی سرزمین کوئی دوسرا ملک پاکستان کے خلاف استعمال کررہا ہے فی الحال یہ کہنا مناسب نہیں ہوگا۔ دریں اثناء سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کرتا ہے اور حکومت امداد نہیں بلکہ زیادہ تجارت چاہتی ہے ۔وہ جرمن پریس اینڈ جرنلسٹس ایسوسی ایشں کے 8رکنی وفد سے بات چیت کررہے تھے جس نے جمعہ کو یہاں وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جرمنی کے صحافیوں کے وفد نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھنے کی خواہش کو سراہا‘ انہوں نے پاکستان میں میڈیا کی آزادی اور حکومت کی شفاف پالیسیوں کی بھی تعریف کی۔