پشاور: آرمی پبلک سکول کے بچے پرچم تھامے سی ایم ایچ پہنچ گئے، زخمیوں کی عیادت، شکست دہشت گردوں کا مقدر ہے: طلبا، والدین
پشاور (این این آئی) پی اے ایف بڈھ ائیربیس پر دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے جوانوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر آرمی پبلک سکول کے طلبا نے سی ایم ایچ کا دورہ کیا۔ وہاں پی اے ایف پر حملے میں ہونیوالے زخمیوں کی عیادت کی۔ طلبا پاکستان کا پرچم تھامے ہوئے تھے، جن کے ساتھ انکے والدین بھی تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی پبلک سکول کے طلبا کا کہنا تھا کہ وہ ڈرنے والے نہیں۔ انہوں نے دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملانے کے عزم کا اظہار کیا، بچوں کی طرح اْنکے والدین کا جذبہ بھی قابل دید تھا۔ انکاکہنا تھا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ کاروائیوں سے انکے حوصلے پست نہیں ہونگے، شکست دہشت گردوں کا مقدر ہے۔