• news

دو دن بعد واپس آنے کا وعدہ کرنے والے ڈرائیور محمد حسین کو گھر دیکھنا نصیب نہ ہوا

پشاور (بیورو رپورٹ) کھیر کھلانے کی شرط پر دو دن بعد گھر آنے کا وعدہ کرنے والے پاک فضائیہ کے ڈرائیور محمد حسین کو کھلی آنکھوں گھر دیکھنا نصیب نہ ہوا۔ ائربیس حملہ میں شہید ہونے والے پاک فضائیہ کے ڈرائیور محمد حسین کگہ ولہ بڈھ بیر کے اہل خانہ کے مطابق سانحہ ائر بیس سے دو روز قبل محمد حسین کا بھائی جو سعودی عرب میں کام کرتا تھا واپس اپنے وطن آیا ہوا تھا۔ اس سلسلہ میں محمد حسین کو فون کر کے بتایا گیا کہ وہ گھر آجائے تاکہ اپنے بھائی سے بھی مل سکے تو اس نے فون پر یہ شرط رکھی کہ اگر اسے اس کی پسند کی کھیر کھلائی جائے گی تو وہ دو دن بعد ضرور گھر آئے گا لیکن دو دن بعد گھر آنے کا وعدہ کرنے والا محمد حسین ائر بیس پر دہشت گردوں کے حملہ میں شہید ہوگیا اوراس کی نعش گھر پہنچائی گئی۔ شہید کے اہل خانہ کے مطابق محمد حسین کو کھیر بہت پسند تھی، اس نے ایک بیوہ اور تین کمسن بچے یتیم چھوڑے۔

ای پیپر-دی نیشن