• news

راشد بن محمد سپردخاک، نواز شریف کی حاکم دبئی سے ملاقات، تعزیت کی

دبئی (صباح نیوز + نوائے وقت نیوز) متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور حاکم دبئی الشیخ محمد بن راشد آل مکتوم کے گزشتہ روز حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر جانے والے نوجوان بیٹے الشیخ راشد بن محمد بن راشد کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں دبئی کے ام ہریر قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق راشد بن محمد بن راشد آل مکتوم کی نماز جنازہ کی امامت مرحوم کے والد الشیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے خود کرائی۔ نماز جنازہ میں متحدہ عرب امارات کے ولی عہد اور مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر ان چیف الشیخ محمد بن زاید النیہان سمیت کئی اہم سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ دبئی کے حکمران خاندان میں ہونے والی اس ناگہانی موت پر پورے ملک میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ نماز جنازہ میں عجمان کی سپریم کونسل کے رکن الشیخ حمید بن راشد النعیمی، الفجیرہ کی سپریم کونسل کے رکن الشیخ حمد بن محمد الشرقی، ام القیوین گورنری کی سپریم کونسل کے رکن الشیخ سعود بن راشد المعلا اور راس الخیمہ کے الشیخ سعود بن صقر القاسمی بھی شریک تھے۔ وزیراعظم نواز شریف نے دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ان کے بیٹے کے انتقال پر تعزیت کی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے شیخ محمد بن راشد المکتوم سے زعبیل پیلس دبئی میں ملاقات کی اور شیخ راشد کے انتقال پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
سپردخاک

ای پیپر-دی نیشن