پاکستان سپر لیگ کے ’’لوگو‘‘ کی تقریب رونمائی، ایونٹ متحدہ عرب امارات میں کرانے کا اعلان
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپرلیگ کی لانچنگ اور لوگو کی تقریب رونمائی ایکسپو سینٹر میں ہوئی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان،پی ایس ایل کے سربراہ نجم سیٹھی، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سبحان احمد ،وسیم اکرم ، قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق،ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی اور قومی ویمن ٹیم کی کھلاڑیوں، کوچنگ سٹاف ،پی سی بی گورننگ بورڈ کے ممبران سمیت سابق کھلاڑیوں اور شوبز سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب شام سات بجے شروع ہوئی جبکہ آفیشل سونگ اور لوگو رات دس بجے نمائش کیلئے پیش کیا گیا ۔ ایونٹ متحدہ عرب امارات میں کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔سپرلیگ کے سربراہ نجم سیٹھی نے اقدامات اور میزبانی کیلئے گرائونڈز کے بارے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سپر لیگ کے انعقاد سے پاکستان کرکٹ میں بلین ڈالرز آئیں گے اور یہ آئی پی ایل کے بعد دنیا ئے کرکٹ کا دوسرا بڑا ایونٹ ہوگا۔ شائقین کرکٹ کو ایونٹ براہ راست دکھانے کیلئے بڑے سٹیڈیمز اور سینما گھروں میں سکرینیں لگائی جائیں گی۔ 120کھلاڑیوں نے رضامندی ظاہر کردی ہے ‘ہر کھلاڑی کم از کم پچاس ہزار ڈالر ضرور حاصل کریگا۔چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کامیاب ایونٹ ہوگا، پاکستان کا مثبت امیچ دنیا کے سامنے جائیگا۔چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سبحان احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کرکٹ بورڈ کے تین سالوں کی کاوش ہے جس کے مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔لیگ کے سفیراورسابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ سپر لیگ کسی ایک کھلاڑی نہیں پورے پاکستان کا منصوبہ ہے ۔ نوجوان کھلاڑیوں کے آگے بڑھنے کا موقعہ ملے گا۔ نوجوان کھلاڑیو ں کے مالی حالات بھی بہتر کر سکتے ہیں۔سابق کپتان اور برانڈ ایمبیسڈر رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ سپر لیگ کے انعقاد سے پاکستان کرکٹ کے فروغ کے ساتھ ساتھ مالی فوائد بھی ملیں گے۔ پی ایس ایل میں شرکت کرنے سے کھلاڑیوں کی کارکردگی میں بھی اضافہ ہوگا۔ سپر لیگ کو پاکستان کرکٹ کے لئے سنگ میل قرار دیدیا۔ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ سپر لیگ کا انعقاد پاکستان کرکٹ بورڈ کا بہت بڑا کارنامہ ہے اس سے کرکٹ کے کھیل کو فروغ ملے گا۔پی ایس میں شرکت سے نہ صرف قومی ٹیم دنیا کی مضبوط کرکٹ ٹیم کے طور پر سامنے آئے گی بلکہ اس سے کھلاڑیوں کے مالی مسائل بھی حل ہونگے۔قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سے ملکی کرکٹ کا مستقبل جڑا ہے اور اے بہت پہلے شروع ہو جانا چاہیے تھا ‘ سپر لیگ وقت کی ضرورت ہے ۔ محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ سپر لیگ ملکی کرکٹ میں انقلاب لائے گی اور اس سے نیا ٹیلنٹ بھی دستیاب ہوگا۔شعیب ملک کا کہناتھا کہ سپر لیگ پی سی بی کا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ہے۔قومی وویمن ٹیم کی کپتان ثنا میر کا کہنا تھا کہ سپر لیگ کے انعقاد سے پاکستان کرکٹ کو ایک نیا رخ ملے گا اور میرے نزدیک اس سے ہمارے کھلاڑیوں کی اہمیت میں بھی اضافہ ہو گا۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد سے شائقین کرکٹ کو دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔سپن باؤلنگ کوچ مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سے پاکستان کرکٹ کا مستقبل وابستہ ہے اس کی کامیابی پاکستان کرکٹ کی جیت ہو گی۔