بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ ٹیم رواںماہ پاکستان کا دورہ کرے گی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنی ویمن کرکٹ ٹیم کے رواں ماہ دورہ پاکستان کی تصدیق کردی جس میں مہمان ٹیم دو ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ ذرائع کے مطابق حکومتی اجازت ملنے کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنی ویمن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ہے جس سے دونوں ملکوں کے کرکٹ روابط ایک بار پھر بہتری کی جانب گامزن ہونے کی امید روشن ہو گئی ہے۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے دو مرتبہ دورہ پاکستان سے انکار کے بعد دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز کے تعلقات میں سرد مہری آگئی تھی۔تاہم رواں سال بنگلہ دیش نے پاکستان کے دورے کے مکمل اخراجات برداشت کرنے پر حامی بھری تھی جس کے بعد پاکستان نے بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا۔ بنگلہ دیش کو سکیورٹی کلیئرنس کے ساتھ ساتھ اپنے بورڈ سے بھی دورے کی اجازت مل گئی ہے۔بنگلہ دیشی ٹیم دورے میں دو ون ڈے اور دو ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی اور دورے کا آغاز 29 ستمبر کو کراچی میں ٹی ٹوئنٹی میچ سے ہو گا۔مہمان ٹیم یکم اکتوبر کو دوسرا ٹی ٹونٹی میچ بھی کراچی میں کھیلے گی‘ چار اورچھ اکتوبر کو دو ایک روزہ میچز کی میزبانی لاہور کرے گا۔