قومی جونیئر ہاکی ٹیم میں ایک ہی کلب کے 8 کھلاڑیوں کی شمولیت کا ریکارڈ قائم
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی تاریخ میں ایک ہی کلب کے آٹھ کھلاڑیوں کو قومی جونیئر ٹیم کا حصہ بنائے جانے کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا۔ رشید جونیئر کی زیر قیادت کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی نے استاد اسلم روڈا ہاکی اکیڈمی گوجرہ کے آٹھ کھلاڑیوں کو سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کے قومی سکواڈ میں شامل کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ پی ایچ ایف نئی انتظامیہ کی روشنی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی نے استاد اسلم روڈا ہاکی اکیڈمی گوجرہ کے دلبر حسین، مبشر بیگ، فیصل شاہ، ابو بکر، ایم قاسم، عاطف مشتاق، عدنان انور اور ایم عتیق شامل ہیں۔ پاکستان تاریخ میں اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا ہے کہ بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان سینئر اور جونیئر ٹیم کا اعلان کیا گیا ہو اس میں ایک ہی کلب کے آٹھ کھلاڑی شامل کیے گئے ہوں۔ استاد اسلم روڈا کلب کے چیف کوچ خاور جاوید نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے کلب نے ایک اعزاز حاصل کیا ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ہے۔ استاد اسلم روڈا نے پاکستان کے قومی کھیل کو ترقی دینے کے لیے جو پودا لگایا تھا ان کی محنت کی وجہ سے آج بھی گوجرہ سے بڑی تعداد میں ہاکی کے کھلاڑی مل رہے ہیں۔ گوجرہ میں ہاکی کے ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو چاہیے کہ وہ گوجرہ میں ہاکی کی پروموشن کے لیے وہاں استاد اسلم روڈا اور دیگر ہاکی کلبوں کو سہولیات فراہم کریں۔