غضنفر محمود نے پنجاب امیچور گالف چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) گارڈن گالف کلب اسلام آباد کے غضنفر محمود نے پنجاب امیچور گالف چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا۔ چیمپئن شپ کے آخری روز ہونے والی بارش کے باعث تیسرے روز کا کھیل ممکن نہ ہو سکا جس پر ٹورنامنٹ کمیٹی نے پہلے دو روز کی کارکردگی 148 گراس سکور پر غضنفر محمود کو چیمپئن قرار دیا گیا۔ وزیر علی 151 گراس سکور کے ساتھ رنر اپ رہے جبکہ ڈی ایچ اے کراچی کے زوہیب آصف 152سکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ نیٹ کیٹگری میں رضا علی پہلے، عثمان علی دوسرے نمبر پر رہے۔ خواتین میں غزالہ یاسمین پنجاب امیچور لیڈیز چیمپئن قرار پائیں۔ انا جمیل گل دوسرے جبکہ دیانا عزیزتیسرے نمبر پر رہیں۔ نیٹ کیٹگری میں زیب النسا پہلے، سمعیہ جاوید دوسرے جبکہ شاہین عرفان تیسرے نمبر پر رہیں۔ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب ایم رفیق رجوانہ نے انعامات تقسیم کیے۔