• news

سرحدی کشیدگی کم، تحمل کی پالیسی پر عمل کریں گے: پاکستان، بھارت کا اتفاق

نئی دہلی/ جموں (آئی این پی) پاکستان اور بھارت نے سرحدی کشیدگی میں کمی کیلئے اقدامات اور صبروتحمل کا مظاہرہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان جموں و کشمیر کے پونچھ سیکٹر میںچاکن دا باغ کراسنگ پوائنٹ پر بریگیڈ کمانڈر فلیگ میٹنگ میں حالیہ سرحدی کشیدگی اور سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر بات چیت کی گئی۔ بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ فلیگ میٹنگ کے دوران دونوں ممالک کے حکام نے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور شہری آبادی کو نشانہ بنائے جانے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں جانب کے حکام نے سرحدی کشیدگی کو کم کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے صورتحال میں بہتری لانے کیلئے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔ فلیگ میٹنگ ایک گھنٹے تک جاری رہی جس میں بھارت کی جانب سے بریگیڈیئر ایچ ایس سرین اور پاکستان کی جانب سے بریگیڈیئر عثمان نے نمائندگی کی۔ دونوں ممالک کے درمیان 20 روز تک کنٹرول لائن پر شدید کشیدگی اور فائرنگ کے واقعات کے بعد یہ پہلی بریگیڈیئر سطح کی فلیگ میٹنگ تھی۔

ای پیپر-دی نیشن