عیدالاضحیٰ کیلئے 10 سپیشل ٹرینوں کا آغاز آج سے ہو گا، گرین لائن کے کرایوں میں پہلے دو روز 25 فیصد رعایت کا اعلان
لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستان ریلویز نے عید اور اس سے اگلے روز ’’گرین لائن‘‘ (اسلام آباد / کراچی / اسلام آباد) کے کرائے میں بھی 25 فیصد رعایت کا اعلان کیا ہے جبکہ عید الاضحیٰ کے لئے 10 سپیشل ٹرینوں کا آغاز آج سے ہو رہا ہے اور کراچی کینٹ سے لاہور، پشاور اور راولپنڈی کیلئے تین سپیشل ٹرینیں روانہ ہوں گی۔ کراچی سے پہلی سپیشل ٹرین لاہور کے لئے صبح 11 بجے، پشاور کے لئے دن 12 بجے اور راولپنڈی کے لئے ساڑھے 8 بجے شب روانہ ہو گی آج کوئٹہ سے راولپنڈی (براستہ ملتان، لاہور) صبح ساڑھے 11 بجے روانہ ہو گی۔ کل 23 ستمبر کو لاہور سے کراچی کے لئے (براستہ فیصل آباد، ملتان) سپیشل ٹرین شام ساڑھے 6 بجے روانہ ہو گی۔ جمعرات 24 ستمبر کو راولپنڈی سے ملتان کے لئے ٹرین 7 بجے جبکہ لاہور کے لئے دو سپیشل ٹرینیں صبح ساڑھے 8 بجے اور دوپہر ڈھائی بجے ہوں گی۔ لاہور سے راولپنڈی کے لئے سپیشل ٹرینیں شام سوا 5 بجے اور رات 11 بجے روانہ ہو گی، سپیشل ٹرینوں کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔