عالمی امن کیلئے کشمیر سمیت تمام متنازعہ مسائل کو حل کرنا ہو گا: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے امن کے عالمی دن کے موقع پر لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے سینئر رہنمائوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری دنیا کی قربانیاں ایک طرف اور پاکستانی عوام کی قربانیاں ایک طرف ہیں۔ 50 ہزار سے زائد قربانیاں دینے والے عوام نوبل انعام کے حق دار ہیں۔ پاکستان کو سیاسی، معاشی مفادات کی خاطر میدان جنگ میں تبدیل کرنے والے ’’اپنے اور پرائے‘‘ اب اس کے حال پر رحم کھائیں۔ آپریشن ضرب عضب سے قوم کو اعتماد اور حوصلہ ملا۔ قومی ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل ہو جائے تو دہشت گردوں کو سر چھپانے کی کہیں جگہ نہیں ملے گی۔ ہمارا ہر کارکن امن کا سفیر ہے۔ ہماری تحریک عالمی امن کیلئے علمی، فکری سطح پر اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ دنیا بھی اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرے۔ جب تک کشمیر، فلسطین، افغانستان، شام، عراق کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق نہیں ملتے دنیا پر جنگ اور دہشت گردی کے بادل چھائے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار عالمی امن کے قیام کیلئے کشمیر سمیت تمام متنازعہ مسائل کے حل کیلئے عملی کوششیں کی جائیں۔