• news

اسلام آباد : مویشی منڈی کے تنازعہ پر مذاکرات ناکام ، بیوپاریوں کا مظاہرہ

اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر آئی الیون میں مویشی منڈی کے تنازعے سے متعلق سی ڈی اے اور بیوپاریوں کے درمیان مذاکرات ناکام ہو گئے، سی ڈی اے کے ممکنہ آپریشن کے پیش نظر بیوپاری بپھر گئے، اور انہوں نے مظاہرہ کیا ۔نیسکام اور منڈی موڑ چوک پر لکڑیاں جلا کر آگ لگا دی، روڈ کوٹریفک کیلئے بلاک کر دیا گیا، بیوپاریوں نے شہریوں سے بھی بدتمیزی کی اورکلہاڑیوں اور ڈنڈوں کے وار سے کئی گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے، سی ڈی اے و انتظامیہ کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی، جس کے باعث ضلعی انتظامیہ اور بیوپاریوں کے درمیان تصادم کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ عید قربان قریب آتے ہی وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر آئی الیون میں مویشی منڈی کا تنازعہ ابھی تک حل نہیں ہو سکا۔ پیر کو سی ڈی اے اور بیوپاریوں کے درمیان مذاکرات ناکام ہو گئے۔سی ڈی اے حکام نے بیوپاریوں پر واضح کیا کہ ہائی کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کرائیں گے، مویشی منڈی آئی بارہ میں ہی لگے گی،جس پر بیوپاری بپھر گئے ۔ بیوپاریوں نے سی ڈی اے و انتظامیہ کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی۔ بیوپاریوں نے الزام لگایا کہ ٹھیکیدار فی ٹینٹ 2 لاکھ روپے وصول کر رہے ہیں۔ آئی 11 سے نکال کر یہاں منہ مانگے پیسے وصول کیئے جا رہے ہیں ۔

ای پیپر-دی نیشن