• news

بینظیر قتل کیس: مال مقدمہ جمع نہ کرانے پر سماعت ملتوی‘ گواہوں کو دوبارہ طلبی کے نوٹس جاری

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ +آئی این پی+ صباح نیوز) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مال مقدمہ جمع نہ کرانے پر بے نظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت 28ستمبر تک کیلئے ملتوی کر دی، عدالت نے مدعی انسپکٹر کاشف ریاض کا جزوی بیان ریکارڈ کر لیا جبکہ عدالت میں ملزموں کے زیر استعمال موبائل فونز، ڈائریاں اور دیگر اشیاء پیش کر دی ہیں۔ پیر کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بے نظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے مال مقدمہ جمع نہ کرانے پر کیس کی سماعت28 ستمبر تک کیلئے ملتوی کر دی جبکہ مدعی انسپکٹر کاشف ریاض کا جزوی بیان ریکارڈ کر لیاگیا۔مدعی انسپکٹر نے اپنے بیان میں کہا کہ 27دسمبر 2007ء کو میں ڈیوٹی پر موجود تھا، جلسے سے خطاب کے بعد بے نظیر بھٹو ناہید خان کے ساتھ گاڑی میں سوار ہوئیں۔ پراسیکیوٹر چوہدری اظہرنے عدالت میں کہا کہ کاشف ریاض اہم گواہ ہے تفصیلی بیان ریکارڈ کیا جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مدعی مقدمہ انسپکٹر کاشف ریاض مکمل مال مقدمہ جمع کرائے۔ فاضل عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہوں کو دوبارہ طلبی کے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔دریں اثناء عدالت نے نیویارک سے ویڈیو لنک کے ذریعے یکم اکتوبر کو استغاثہ کے گواہ اور امریکی صحافی مارک سیگل کی شہادت قلمبند کرانے کو یقینی بنانے کیلئے وزارت خارجہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ سماعت کے موقع پر ضمانت پر رہا دو پولیس افسران سعود عزیز اور خرم شہزاد کے علاوہ پانچ ملزم اعتزاز شاہ، عبدالرشید، حسنین گل، شیر زمان اور رفاقت حاضر تھے۔

ای پیپر-دی نیشن