خواجہ حسان کا بلامقابلہ انتخاب‘ انکوائری کمیٹی نے رپورٹ چودھری سرور کو پیش کر دی
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر خواجہ احمد حسان کے یونین کونسل 107 سے بلامقابلہ انتخاب کے معاملے کی انکوائری کرنے والی سابق آئی جی پولیس چودھری یعقوب کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی نے اپنی رپورٹ مکمل کرکے تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر پنجاب چودھری محمد سرور کو پیش کر دی ہے۔ کمیٹی میں چودھری یعقوب‘ بریگیڈیئر (ر) کاہلوں اور میجر (ر) بشیر شامل تھے۔ کمیٹی کو این اے 126 سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور لاہور کے آرگنائزر شفقت محمود اور پی پی 151 سے رکن پنجاب اسمبلی و قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید سمیت پارٹی کے متعدد افراد کے بیانات قلمبند کئے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ تحریک انصاف کے دونوں رہنمائوں نے اپنے بیانات میں خود کو اس معاملے سے بری الذمہ قرار دیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ کمیٹی کو پیش کی گئی سفارشات میں اگرچہ دونوں رہنمائوں کو بے قصور قرار دیا ہے‘ لیکن لکھا ہے کہ انکی غفلت ثابت ہوتی ہے۔ چیئرمین سیکرٹریٹ کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ صوبائی چیف آرگنائزر کو ’’کمیٹی‘‘ کی رپورٹ اور سفارشات مل گئی ہیں جنہیں اپنی رائے کے ساتھ چودھری سرور پارٹی چیئرمین عمران خان کو بھجوائیں گے۔