• news

سابق سیکرٹری اقلیتی امور سندھ کیخلاف ریفرنس، سابق وزیر بلوچستان کیخلاف شکایات کی پڑتال کا فیصلہ

اسلام آباد(نامہ نگار) قومی احتساب بیورو( نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ نے سابق سیکرٹری اقلیتی امور حکومت سندھ کیخلاف مقدمہ کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی۔ سابق صوبائی وزیر بلوچستان، بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق چیئرمین کیخلاف شکایت کی تصدیق کی منظوری دیدی، دو مقدمات کی دوبارہ انکوائری کی منظوری جبکہ سابق صوبائی وزیر قومی خوراک بلوچستان اور سابق آئی جی نادرن ایریا کیخلاف تفتیش عدم شواہد کے بناء پر بند کرنے کی منظوری دیدی ہے ، تفصیلات کے مطابق نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس نیب ہیڈ کوارٹر میں گزشتہ روزچیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی صدارت میں منعقد ہوا، نیب ایگزیکٹو بورڈ نے سابق سیکرٹری اقلیتی امور حکومت سندھ بدر جمیل مندرو اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘ ان پر محکمہ اقلیتی امور حکومت سندھ میں اختیارات کے ناجائز استعمال گریڈ 17 اور 18 میں غیر قانونی تقرریاں کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو نقصان ہوا، بورڈ نے سابق صوبائی وزیر بلوچستان حاجی محمد نواز کاکڑ ‘ بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق چیئرمین سعادت انور قمبرانی‘ بسم اللہ کاکڑ اور دیگر کے خلاف شکایت کی پڑتال کی اجازت دیدی، اس مقدمے میں ان عناصر کی جانب سے کنٹریکٹرز کو بی ڈی اے سے غیر قانونی مراعات‘ غیر قانونی ٹرانزیکشن اور مبینہ طور پر ناجائز اثاثے بنانے کا الزام ہے، اجلاس میں دو مقدمات کی از سر نو انکوائری کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس میں سے پہلی انکوائری خیبر پی کے کے سابق وزیر سردار محمد ادریس اور گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دیگر مستفید ہونے والوں کے خلاف ہے‘ ان پر مبینہ طور پر کرپشن ‘ بدعنوانی اور گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے الزامات ہیں جس سے قومی خزانے کو پانچ کروڑ 17 لاکھ کا نقصان ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن