وزیر داخلہ کا پشاور حملے کے زخمی ایف سی اہلکار کیلئے 3 لاکھ روپے انعام کا اعلان
اسلام آباد (این این آئی + صباح نیوز) پشاور واقعہ میں زخمی ہونے والے فرنٹیئر کانسٹیبلری ریپڈ ریپانس فورس کے اہلکار رفیع اللہ کیلئے وزیرداخلہ کی طرف سے تین لاکھ روپے کے انعام کا اعلان۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنے بہادر سپاہیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ چودھری نثار نے کہا فرنٹیئر کانسٹیبلری نے پاکستان کے تحفظ اور سکیورٹی کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ دریں اثنا چودھری نثار علی خان ایف آئی اے کو وفاقی دارالحکومت میں غیرقانونی بستیوں کے قیام میں ملوث اور سہولت کار بننے والے سی ڈی اے افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔ اس سلسلے میں خصوصی مراسلہ وزارت داخلہ کی جانب سے ایف آئی اے کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے سی ڈی اے افسروں اور اہلکاروں کیساتھ ساتھ دیگر محکموں کے اہلکاروں کا بھی تعین کرے گی۔ چودھری نثار نے حکم دیا ایف آئی اے جلد از جلد انکوائری مکمل کرکے رپورٹ پیش کرے۔