بے قاعدگی کا معاملہ گھپلا نہیں، نندی پور پر 49 ارب روپے خرچ ہوچکے : خواجہ آصف
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ/ نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزارت پانی و بجلی میں بے قاعدگی کا معاملہ گھپلا نہیں۔ نندی پور پر اب تک 49 ارب روپے کا خرچہ ہوا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ 58 ارب روپے کا پی سی ون منظور ہوا ہے جون 2013ء میں ایکنک نے پی سی ون کی منظوری دی۔ نندی پور پاور پلانٹ میں فلٹریشن پلانٹ چھوٹا ہے تبدیل ہونے کے بعد سب ٹھیک ہوجائیگا۔ پاور پلانٹ پر 80 ارب روپے کی لاگت کے حوالے سے رپورٹس میں صداقت نہیں۔ اپنی صفائی پیش کرنے کے لئے تیار ہیں ہماری گردن بھی حاضر ہے۔ ایک سوال پر کہا کہ کرپشن ہر ادارے میں سرایت کر گئی ہے۔ نیب کو مخصوص انکوائریز پیش کرنی چاہیں اور جانبدارانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ کرپشن ہر شخص اور ادارے میں سرایت کرگئی ہے ، نیب کو صرف سلیکٹڈ انکوائریز نہیں کرنی چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی اور کرپشن دو بڑے مسائل ہیں ، دہشتگردی کی بنیاد ہم نے خود رکھی ، اگر 80ء کی دہائی میں افغانستان کی جنگ میں نہ کودتے تو آج دہشتگردی نہ ہوتی ، تب بھی غلط فیصلہ ہوا اور نائن الیون کے بعد پرویز مشرف نے بھی ایک غلط فیصلہ کیا جس کی سزا ہم بھگت رہے ہیں۔ بعد ازاں خواجہ آصف نجی دورے پر بیرون ملک روانہ ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق خواجہ آصف نے وزیراعظم سے خصوصی اجازتلی، وزیر دفاع چھٹیاں اٹلی اور یورپی ممالک میں گزاریں گے۔ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مسلسل مصروفیت کام کے دبائو سے کچھ دن دور رہنا چاہتا ہوں۔ پرسکون جگہ پر کچھ دن دوستوں کے ساتھ گزاروں گا۔ عید کے بعد ہشاش بشاش ہو کر ذمہ داراں سنبھالوں گا۔ ذرائع کے مطابق وزیر دفاع 30 ستمبر کو واپس آئیں گے۔