• news

قتل سے پہلے مرتضی بے نظیر کی صلح ہو گئی تھی، پی پی کے حوالے سے اہم اعلان ہونا تھا: ناہید خان

اسلام آباد (آن لائن) سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان نے کہا ہے کہ میر مرتضیٰ بھٹو کے قتل سے دو تین روز قبل بے نظیر اور مرتضیٰ بھٹو میں صلح ہو گئی تھی اور تمام معاملات طے پا چکے تھے اگر میر مرتضیٰ بھٹو کو قتل نہ کیا جاتا تو پیپلزپارٹی کے حوالے سے اہم اعلان ہونے والا تھا‘ زرداری کو میر مرتضیٰ بھٹو کی یاد اس وقت آنی چاہئے تھی جب وہ ملک کے صدر تھے اور ان کے قتل کی تحقیقات کرواتے۔ زرداری پاکستان میں بیٹھ کر بھی پیپلزپارٹی کو ریموٹ کنٹرول سے چلا رہے تھے اب جبکہ دبئی سے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ بے نظیر بھٹو کو زندگی دیتا تو وہ میر مرتضیٰ بھٹو کے قتل کی تحقیقات کروانا چاہتی تھیں ان کے قتل کے 35 روز بعد پیپلزپارٹی کی حکومت کو ختم کر دیا گیا۔ میر مرتضیٰ بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے درمیان جو غلط فہمیاں تھیں وہ دور ہو گئی تھیں۔ پیپلزپارٹی کی پانچ سال حکومت رہی ہے اس وقت میر مرتضیٰ بھٹو کے قتل کی تحقیقات ہونی چاہئیے تھی۔ میں پیپلزپارٹی کو زرداری لیگ کہتی ہوں جس طرح زرداری سیاست سے آئوٹ ہو گئے ہیں اسی طرح سے زرداری لیگ سیاست سے آئوٹ ہو جائے گی اور پیپلزپارٹی کے ورکرز خاموش بیٹھے ہیں وہ جب موقع ملے گا تو ذوالفقار علی بھٹو شہید کی آئیڈیالوجی کو لیکر نکلیں گے۔ پیپلزپارٹی چاروں صوبوں کی زنجیر ہے وہ ہمیشہ رہے گی اور اس کا رہنا ملک کے مفاد میں ہے۔ بلاول اور فاطمہ آپس میں کزن ہیں ان کا آپس میں خون کا رشتہ ہے وہ اب بالغ ہیں اور وہ اپنے سیاسی فیصلے خود کر سکتے ہیں وہ جو بھی فیصلہ کریں گے وہ اپنے سیاسی مفاد اور ملکی مفاد میں کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن