• news

صادق علی لاہور‘ اکرام الحق کور کمانڈر گوجرانوالہ مقرر

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک فوج کے 4میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔ ترقی پانے والوں میں آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ، ڈائریکٹر جنرل برائے ملٹری آپریشنز میجر جنرل عامر ریاض، بہاولپور میں متعین جی او سی میجر جنرل صادق علی اور میجر جنرل عمر فاروق درانی شامل ہیں۔ سنیارٹی کی فہرست میں عاصم سلیم باجوہ کا نام پہلے نمبر پر تھا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ 4اکتوبر کو جنوبی کمانڈ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ، چیف آف لاجسٹک سٹاف لیفٹیننٹ جنرل طارق ندیم گیلانی، انسپکٹر جنرل آرمز لیفٹیننٹ جنرل اعجاز چودھری اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان مدت ملازمت کی تکمیل پر ریٹائر ہورہے ہیں۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاک فوج کے مختلف اعلیٰ عہدوں پر افسروں کی ترقی، تقرر اور تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے عہدے پر فوجی تاریخ میں پہلی بار کسی لیفٹیننٹ جنرل کو تعینات کیا گیا ہے ۔ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کو ڈی جی ایم او کے عہدے سے تبدیل کرکے کمانڈر سدرن کمانڈ تعینات کردیا گیا جبکہ اس سے قبل لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ اس عہدے پر فائز تھے۔ اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل ملک ظفر اقبال کو کور کمانڈر راولپنڈی تعینات کیا گیا، اس سے پہلے اس عہدے پر لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ تعینات تھے، لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کو ڈی جی آئی ایس پی آر کے عہدے پر برقرار رکھا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل صادق علی کو کور کمانڈر لاہور تعینات کیا گیا اور لیفٹیننٹ جنرل اکرام الحق کو کور کمانڈر گوجرانوالہ تعینات کردیا گیا ہے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی کو کور کمانڈر منگلا تعینات کیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل ہلال حسین کو آرمی سٹرٹیجک فورس کمانڈ کے عہدے پر تعینات کردیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تقرریاں و تبادلے معمول کا حصہ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن