ہائیکورٹ نے پنجاب میں مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کے خلاف درخواست خارج کر دی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کے خلاف دائر درخواست خارج کر دی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کیس کی سماعت کی تو جسٹس پارٹی کے سربراہ منصف اعوان نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمشن پنجاب میں مرحلہ وار بلدیاتی الیکشن کروا رہا ہے جو دھاندلی کا منصوبہ ہے۔ پہلے مرحلے میں ان حلقوں میں الیکشن کروائے جا رہے ہیں جہاں پر حکومتی امیدواروں کو کامیابی ہوئی تھی۔ حکومت کا مقصد ہے کہ وہ من پسند نتائج حاصل کرکے پورے الیکشن پر اثرانداز ہو۔ یہ شیڈول بدنیتی پر مبنی ہے۔ دستور پاکستان میں اس طرح کے اقدامات کرکے شہریوں کا استحصال نہیں کیا جا سکتا۔ الیکشن کمشن کے وکیل نے بتایا کہ خیبر پی کے میں ایک ہی وقت میں بلدیاتی انتخابات کروائے تھے جس سے امن و امان کے مسائل پیدا ہوئے جبکہ ایک ہی وقت میں بلدیاتی الیکشن کروانے کیلئے الیکشن کمشن کے پاس عملہ بھی موجود نہیں۔