او آئی سی اجلاس میں شرکت‘ بھارت نے علی گیلانی کا پاسپورٹ معطل کردیا
نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی وزارت داخلہ نے سینئر حریت رہنما سید علی گیلانی کا پاسپورٹ ایک ماہ کیلئے معطل کر دیا۔ علی گیلانی کو اسلامی کانفرنس تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلئے امریکہ روانہ ہونا تھا۔ نئی دہلی میں سفارتی ذرائع نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں تشدد کی حالیہ لہر اور بار بار پاکستانی پرچم لہرائے جانے سے نریندر مودی سرکار خاصی خائف ہے اسے خدشہ تھا کہ علی گیلانی او آئی سی اجلاس میں کشمیر کا تنازع بھرپور طریقے سے اٹھا سکتے ہیں انہیں روکنے کیلئے ان کا پاسپورٹ معطل کیا گیا۔ دریں اثناء سید علی گیلانی نے اپنا پاسپورٹ معطل کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت حسب روایت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ انہیں خوف ہے کہ میں ان کے کشمیر میں جمہوریت لانے کے دعوئوں کی قلعی کھول دوں گا۔ عالمی برادری کشمیریوں سے بھارت کے مجرمانہ سلوک کا نوٹس لے۔ نوازشریف جنرل اسمبلی اجلاس میں مسئلہ کشمیر جرأتمندانہ طریقے سے اٹھائیں۔ اس طرح کی حرکتوں سے مسئلہ کشمیر کو پیچھے دھکیلا جا سکتا ہے نہ اسے کسی عالمی فورم پر اجاگر کرنے سے بھارتی حکومت کبھی روک سکے گی۔ ہندوستان ٹائمز سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے حریت کانفرنس کے چیئرمین علی گیلانی نے کہا کہ انہیں بھارتی حکومت کے اقدام پر حیرت نہیں ہوئی۔ جو حکومت مجھے گھر سے باہر نکلنے نہیں دیتی‘ وہ امریکہ کیسے جانے دے گی۔ واضح رہے کہ 20 سال کے عرصہ میں پہلی مرتبہ جون میں علی گیلانی کو جدہ میں بیمار بیٹی سے ملنے کیلئے جانے کی خاطر عارضی پاسپورٹ جاری کیا گیا تھا۔ علی گیلانی کو 27 ستمبر سے شروع ہونے والے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کیلئے کانفرنس کے کنیکٹ گروپ برائے کشمیر نے ہر سال کی طرح دعوت دی تھی۔