میڈیا کمشن عمل درآمد کیس‘ عدالت مزید تاخیر برداشت نہیں کرے گی: سپریم کورٹ
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں میڈیا کمشن عمل درآمد کیس کی سماعت میں عدالت نے فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے قرار دیا کہ کیس میں اب مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، کیس کی مزید سماعت 7اکتوبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔ عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو چیئرمین پیمرا کی تقرری سے متعلق کیس جلد نمٹانے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے وزارت اطلاعات اور دیگر کو مستقل چیئرمین پیمرا کی تعنیاتی کا پراسس مکمل کرنے کے بعد منتخب ہونے والے فرد کا نام اس وقت تک منظر عام پر لانے سے منع کیا ہے جب تک ہائی کورٹ میں اس حوالے سے زیر التوا کیس کا فیصلہ نہیں جاری نہیں کر دیتی۔ جسٹس دوست محمد خان نے کہا کہ پی بی اے اور حکومت مبینہ طور پر تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔