• news

بلوچستان کے عوام نے خوف کے آسیب کو توڑ کر بڑا کام کیا: کمانڈر سدرن کمانڈ

کوئٹہ (آن لائن) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ میں اگرچہ بلوچستان سے جارہا ہوں لیکن میرا دل بہت مطمئن ہے ہم نے اور سیاسی حکومت نے تو اپناکام کیا ہی مگر اس میں بڑا حصہ عوام کا ہے جس نے صوبے میں خوف کے آسیب کو توڑ ڈالا اور ہمارے ساتھ قدم ملا کر دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنا دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں ادارہ بہبود عمر رسیدہ افراد کی اولڈ ایج ہوم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی کشش اور محبت میرے دل میں ہمیشہ رہے گی اور میرا دل بلوچستان کے ساتھ ہی دھڑکے گا۔ بلوچستان میں جن حالات کا سامنا تھا اس حوالے سے ہم خائف تھے، تاہم سب سے بڑا کام عوام نے صوبے میں خوف کے آسیب کو توڑ کر کیا۔ انہوں نے کہاکہ میں ہمیشہ بلوچستان کے لوگوں کا شکر گزار رہوں گا کہ لوگوں نے ہمارے ساتھ قدم سے قدم ملاکر دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنادیا۔ صوبے کے حالات کی بہتری کے لئے اپنا حصہ آئندہ بھی ڈالتے رہیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن