کراچی: ڈاکو بنک سے ساڑھے 22 لاکھ روپے اور سونا لوٹ کر فرار
کراچی (کرائم رپورٹر) بلدیہ ٹائون میں ڈاکوئوں نے بنک سے ساڑھے بائیس لاکھ روپے اور تین لاکھ روپے مالیت کا سونا لوٹ لیا۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ صبح نو بجکر 15منٹ پر مقامی بنک کی مدینہ ٹائون برانچ میں 8 ڈاکو داخل ہوئے اور منیجر احمد، دونوں سکیورٹی گارڈز نور بلال اور ظالب خان سمیت عملے کو یرغمال بنا کر ساڑھے بائیس لاکھ روپے کی رقم لوٹنے کے علاوہ الماری میں رکھا ہوا تین لاکھ روپے مالیت کا سونا نکالنے کے بعد فرار ہو گئے۔ ایس پی بلدیہ اعجاز ہاشمی کے مطابق واردات کے دوران ڈاکوئوں نے دونوں سکیورٹی گارڈز کا اسلحہ بھی چھین لیا تھا لیکن فرار ہوتے وقت وہ ایک سکیورٹی گارڈ کی رائفل پھینک گئے جبکہ دوسرے گارڈ کا پستول لے گئے ۔ڈاکوئوں نے واردات صرف دس منٹ میں مکمل کی ۔ایس پی بلدیہ اعجاز ہاشمی کا کہنا ہے کہ ڈاکوئوں نے جس طرح الماری میں رکھا ہوا سونا نکالا اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ اندر کی صورتحال سے باخبر تھے۔ واردات میں بنک کے کسی ملازم کے ملوث ہونے کے بارے میں بھی تفتیش کی جارہی ہے۔