• news

اقتصادی ناکہ بندی کی دھمکیوں سے کشمیری مسلمانوں کے حوصلے پست نہیں کئے جا سکتے: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ہندو انتہا پسند تنظیموں کی جانب سے کشمیریوں کی اقتصادی ناکہ بندی کی دھمکیوں پر عالمی اداروں کی خاموشی افسوسناک ہے، پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پر کھڑی ہے اور انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی، عیدالاضحی پر امسال بھی کروڑوں روپے مالیت کے جانور قربان کئے جائیں گے، بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں گائے کی قربانی پر پابندی کا فیصلہ کشمیری و پاکستانی مسلمان قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں، کشمیر کے ہر شہر میں انشاء اللہ گائے کی قربانی ہو گی۔ مخیر حضرات اجتماعی قربانی مہم میں حصہ لیں۔ عیدالاضحی کی خوشیوں میں مظلوم کشمیری مسلمانوں کو بھی شریک کیا جائے گا۔ مرکز القادسیہ چوبرجی میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت کی مختلف ریاستوں میں نریندر مودی سرکار کی جانب سے بڑے جانوروں کی قربانی پر پابندی لگانے کے بعد ہندوستانی عدالتوں نے بھی متعصبانہ فیصلے شروع کر رکھے ہیں۔ اسی طرح بی جے پی جیسی تنظیمیں قربانی جیسے عظیم فریضہ کی ادائیگی پر مسلسل کشمیریوں کی اقتصادی ناکہ بندی کی دھمکیاں دے رہی ہیں لیکن ہم صاف طور پر کہتے ہیں کہ قربانی اللہ کا حکم ہے۔ بھارتی حکومت اور عدالتوں کے طاغوتی فیصلوں پر اس حکم کی ادائیگی ترک نہیں کی جاسکتی۔ ہم سمجھتے ہیں کہ عید قربان پر مظلوم کشمیریوں کو قربانی جیسے عظیم فریضہ پر عمل در آمد سے روکنے کی کوشش کی گئی تو کشمیر میں بڑی تحریک کھڑی ہو گی جس پر قابو پانا بھارت سرکار کیلئے بہت مشکل ہو گا۔ کشمیریوں کی اقتصادی ناکہ بندی کی دھمکیوں سے مظلوم کشمیری مسلمانوں کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے۔ تحریک آزادی کشمیر پوری قوت سے جاری ہے اور انشاء اللہ جاری رہے گی۔ اتحادیوں کے خطہ سے نکلنے کے بعد بھارت مقبوضہ کشمیر پر اپنا غاصبانہ تسلط برقرار نہیں رکھ سکے گا۔ تھرپارکر سندھ، بلوچستان و ملک کے دیگر علاقوں کے علاوہ کشمیری بھائیوں کو بھی عید قربان کی خوشیوں میں شریک کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن