• news

زمبابوے آسان حریف نہیں‘ نئے کھلاڑیوں کو آزمائیں گے: شاہد آفریدی

لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) قومی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ زمبابوے کو آسان حریف نہیں سمجھتے کیونکہ اس نے حالیہ میچوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔قومی ٹیم رات تین بجے زمبابوے کیلئے روانہ ہو گئی۔ کھلاڑی لاہور سے دبئی اور پھر ہرارے پہنچیں گے جہاں وہ 27 اور 29 ستمبر کو دو ٹی 20 میچ کھیلے گی جس کے بعد اظہر علی کی قیادت میں زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے میچ کھیلے جائیں گے۔شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ٹی20 ایک ایسا فارمیٹ ہے جس میں کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں سمجھا جا سکتا کیونکہ اس فارمیٹ میں ایک مرتبہ کھیل آپ کے ہاتھ سے نکل جائے تو پھر واپس آنا مشکل ہو جاتا ہے۔زمبابوے کی ٹیم نے حالیہ میچوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور جب زمبابوے کی ٹیم پاکستان آئی تھی تو اس دورے میں بھی پاکستانی ٹیم اس سے آسانی سے نہیں جیت پائی تھی۔ ورلڈ ٹی 20 کو ذہن میں رکھ کر نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا جانا اچھی بات ہے۔ دو نئے کھلاڑی شامل کیے ہیں اس سے زیادہ نئے کھلاڑیوں کو موقع نہیں دیا جا سکتا تھا لیکن توقع ہے کہ آنے والے میچوں میں مزید باصلاحیت کرکٹروں کو آزمایا جائے گا۔ عمران خان جونیئر کے بارے میں کہا کہ وہ اچھے بائولر ہیں اور ان کی سلو ڈلیوری بہت موثر ہے۔ ورلڈ ٹی20 کی تیاری کے طور پر انھوں نے سلیکٹرز سے بات کی ہے کہ وہ انگلینڈ لائنز کیخلاف میچوں میں کھیلنا چاہتے ہیں۔انگلینڈ لائنز کی ٹیم اس سال دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں پاکستان اے کے خلاف میچ کھیلے گی۔ بورڈ کہہ چکا ہے کہ اگر سرفراز احمد مصروف نہ ہوئے تو وہ اے ٹیم کی قیادت کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن