• news

وزیراعظم نوٹس لیں، ڈاکٹر عاصم کو نقصان پہنچا تو ذمہ دار حکومت ہو گی: خورشید شاہ

سکھر+ اسلام آباد (ایجنسیاں) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خو رشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا کسان پیکج ایک ڈھونگ ہے جسے ہم مسترد کر چکے ہیں حکومت اگر کسانوں کی مدد کرنا چاہتی ہے تو وہ ان کو ان کی فصلوں کی مناسب قیمت ادا کر ے ‘ کسانوں کو بھوکا مارا گیا تو ملک ترقی نہیں کر سکے گا‘ ڈاکٹر عاصم پر دہشتگردی کے الزامات افسوسناک ہیں‘ اگر ان کو کچھ نقصان پہنچا تو ذمہ دار حکومت پر ہو گی۔ سکھر میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہاکہ کسان پیکج کوئی بجٹ سے الگ نہیں یہ تو وہی ہے جس کا بجٹ میں اعلان کیا گیا تھا اس کی حقیقت اسلام آباد جا کر میڈیا کے سامنے پیش کروں گا اگر کسانوں کو بھوکا مارا گیا تو ملک ترقی نہیں کر سکے گا۔ حکو مت کرائے کے لوگوں سے تالیاں بجوا کر خوش ہوتی ہے تالیان بجانے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ کسی بھی بار ے میں حکمت عملی بدلنے کا کوئی ارادہ نہیں پارٹی میں حکمت عملی بدلنے کے بار ے میں سوچا جا رہا ہے۔ وزیراعظم عاصم حسین کے بار ے میں نوٹس لیں اگر ان کو کچھ نقصان پہنچا تو ذمہ دار حکومت پر ہو گی۔ عمران نے دھرنوں میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے۔ جنرل راحیل شریف نے بہت عزت کما لی وہ مدت میں توسیع نہیں لیں گے۔دوسری جانب پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین پر دہشت گردی کی مالی معاونت کا الزام ثابت نہ ہو سکا تو ازالہ کون کریگا۔ سیاستدان احتساب کیلئے آسان ٹارگٹ ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتقامی سیاست کی طویل تاریخ ہے۔ یہاں مخالفین کا احتساب ہوتا ہے‘ جو ساتھ مل جائیں انکا احتساب نہیں ہوتا۔ پاکستان میں بے گناہ پھانسیاں چڑھ گئے‘ گناہ گار چھوٹ گئے۔ پیپلزپارٹی کرپشن کیخلاف ہے۔ اگر عاصم حسین پر بدعنوانی کا الزام ہے تو قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن