• news

آرمی چیف کا کنٹرول لائن پر اگلے مورچوں کا دورہ‘ بھارت سرحدی خلاف ورزیاں کر کے دہشت گردی کیخلاف جنگ سے ہماری توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے : جنرل راحیل

راولپنڈی (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کرکے جوانوں کو عید الاضحیٰ کی پیشگی مبارک باد دی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فوجی افسران اور جوانوں کو عید الاضحیٰ کی پیشگی مبارک باد دی۔ آرمی چیف نے بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کا بھرپور جواب دینے پر جوانوں کے حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ فوجی جوانوں اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہاکہ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن اور ورکنگ با?نڈری پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے تاکہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ سے توجہ ہٹائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج بیک وقت دو اقسام کی جنگیں کامیابی سے لڑ رہی ہے، پاک فوج ملک کے ایک ایک انچ کا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ آرمی چیف نے کہاکہ پاک فوج کے جوان بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے رہے ہیں۔ انہوں نے لائن آف کنٹرول کے قریب آباد شہریوں کے جذبے اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہاکہ پاک فوج کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے متاثرہ شہریوں کو ہرممکن امداد فراہم کرے گی۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ آرمی چیف نے واشگاف الفاظ میں کہا ہے کہ پاک فوج مادر وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ بھارت ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے، بھارتی خلاف ورزیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ سے پاکستان کی توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج جنگوں کا تجربہ رکھنے والی سخت جان فوج ہے۔ آرمی چیف نے لائن آف کنٹرول کے ساتھ رہنے والے شہریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بھارتی جارحیت کا بہادری سے مقابلہ کرنے اور قربانیاں دینے پر شہریوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج ایل او سی پر بھارتی بلااشتعال فائرنگ کے متاثرہ شہریوں کی ہر ضروری مدد کرے گی۔

جنرل راحیل

ای پیپر-دی نیشن