چارسدہ : نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل بھائی سمیت جاں بحق
چارسدہ (آن لائن) چارسدہ کے علاقہ مندانی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پشاور جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ظاہر شاہ بھائی سمیت جاں بحق، ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق چار سدہ کے علاقے مندی میں پشاور جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ظاہر شاہ بھائی کے ہمراہ گھر میں موجود تھے اور عید مل رہے تھے کہ نامعلوم افراد کی جانب سے ان کے حجرے پر فائرنگ کی گئی جس کے باعث وہ بھائی سمیت موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جن کو طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ واردات کے بعد دونوں ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے پولیس کے مطابق ملزمان نے آسان ہدف کو نشانہ بنایا۔ ظاہر شاہ عید کے دنوں میں سکیورٹی نہیں رکھتے تھے اس لئے ملزمان کی جانب سے پوری ریکی کرکے واردات کی گئی۔ واقعہ کے بعد پولیس نے علاقے بھر کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے کارروائیوںکا آغاز کردیا ہے۔